عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کانگریس نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنی خراب کارکردگی کے اسباب معلوم کرنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی حقائق جانچنے والی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی قیادت سے مشاورت کے بعد اس سات رکنی کمیٹی کو تشکیل دیا ہے۔ کمیٹی کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ پارٹی صرف چند نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے میں کیوں ناکام رہی اور تنظیم کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سفارشات پیش کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق سینئر کانگریس لیڈر رویندر شرما کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں جہانگیر میر، نریش گپتا، ٹھاکر بلبان سنگھ، شاہ محمد چودھری، وید مہاجن اور دینا ناتھ بھگت شامل ہیں۔
کمیٹی کو 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کی انتخابی کارکردگی انتہائی خراب رہی، جہاں جموں ریجن میں اس کے 29 امیدواروں میں سے صرف ایک ہی کامیاب ہو سکا، جبکہ پارٹی کے متعدد اہم رہنما، بشمول دو ورکنگ صدور، الیکشن میں ناکام رہے۔
مجموعی طور پر کانگریس، جو نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑ رہی تھی، صرف چھ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو سکی، جن میں پانچ کشمیر وادی اور ایک جموں صوبہ کی نشست شامل ہے۔