این سی سے متعلق وقار رسول وانی کے بیان سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں:کانگریس

عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹیکے صدر طارق حمید قرہ نے بانہال میں ایک پروگرام کے دوران کانگریس لیڈر وقار رسول وانی کی طرف سے این سی قیادت کے خلاف استعمال کیے گئے توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کی۔قرہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس طرح کے بیانات سے خود کو الگ رکھتی ہے اور اس طرح کی زبان کے استعمال کی مذمت کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا بہت احترام کرتے ہیںجو جموں و کشمیر کے سب سے سینئر اور قابل احترام سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔
جے کے پی سی سی چیف نے کہا کہ آئی این سی اور این سی بی جے پی کے خلاف پہلے بھی برسر جدوجہد رہے ہیں آئندہ بھی جموں و کشمیر کے لوگوں کے وقار اور حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔
انھوں نے کہا اس طرح کے بیانات ناقابل قبول ہیں اور جمہوریت کی اقدار اور سیاسی مخالفین کے احترام کے خلاف ہیں، قرہ نے تمام سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنی گفتگو میں احترام کو برقرار رکھیں۔
ہم اتحاد کے لیے اپنی وابستگی اور بی جے پی کی تقسیم کی سیاست کے خلاف اپنی مشترکہ لڑائی کا اعادہ کرتے ہیں۔ہم جموں و کشمیر اور اس کے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔