عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو کانگریس کے آپریشن سندورکے ثبوت کے مطالبے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اپنے لیڈر جے رام رمیش کے اس بیان کی سخت مذمت کی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر دہشت گردوں اور ہندوستانی اراکین پارلیمنٹ کا موازنہ کیا ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سمبت پاترا نے یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کے رویہ پر سخت نکتہ چینی کی۔ ڈاکٹر پاترا نے مسٹر رمیش کی طرف سے دہشت گردوں اور ہندوستانی اراکین پارلیمنٹ کے مبینہ موازنہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو اراکین پارلیمنٹ ہندوستان کی حمایت کرنے بیرون ملک گئے ہیں وہ ‘سیاحت کے لیے نہیں گئے ہیں۔ وہ بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان کی خود اعتمادی اور انسداد دہشت گردی کی پالیسی کو مضبوطی سے پیش کرنے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’کچھ لیڈروں جیسے راہل گاندھی، جے رام رمیش اور ریونتھ ریڈی کے بیانات نے نہ صرف ہندوستانی فوج کے حوصلے کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی ہے، بلکہ ملک کے عام شہریوں کے اعتماد کو بھی بار بار کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ایک اخبار نے ایک مشہور امریکی فوجی تجزیہ کار جان اسپینسر کا انتہائی سنجیدہ اور حقائق سے بھرپور مضمون شائع کیا ہے۔
یہ مضمون صرف ایک رائے نہیں ہے بلکہ ایک ٹھوس عالمی تجزیہ ہے جو واضح طور پر بتاتا ہے کہ کس طرح ہندوستان کے مقامی ٹیکنالوجی آکاش میزائل سسٹم اور دیگر دفاعی آلات نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسپینسر اس مضمون میں کہتے ہیں کہ “چین کے تیار کردہ ہتھیار جن پر پاکستان کا انحصار تھا، مکمل طور پر بے سود ثابت ہوئے۔ پاکستان نے چین کی پراکسی کے طور پر جنگ لڑی، لیکن ہندوستان نے نہ صرف یہ جنگ دیسی ٹیکنالوجی کے زور پر جیتی بلکہ دنیا کو یہ بھی دکھایا کہ ہندوستان اب ایک خود کفیل فوجی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک مضمون نہیں ہے۔ آج دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستان کے بارے میں ایک نئی اور مثبت سوچ جنم لے رہی ہے۔ یہ وہی نیو نارمل ہے جس کا ذکر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کیا تھا۔
ہندوستان اب ایک ایسا ملک نہیں رہا جو صرف ردعمل ظاہر کرتا ہے، بلکہ ایک ایسا ملک بن گیا ہے جو حالات کا فیصلہ کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوستان اب دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسا کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا۔ آج پورے ملک میں فخر کا احساس ہے۔ ہر شہری ہندوستانی فوج کو سلام پیش کر رہا ہے۔
کانگریس کا’آپریشن سندور‘کے ثبوت کا مطالبہ شرمناک: بی جے پی
