عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// کانگریس کے سینئر لیڈر شادی لال پنڈتا جمعرات کی شام جموں میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی ایک سیاسی تقریب سے واپس لوٹتے ہوئے سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
یہ حادثہ سدھرا کے قریب اس وقت پیش آیا جب پنڈتا جگٹی مائیگرنٹ ٹاؤن شپ واپس آ رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ اُنہیں ایک ٹرک نے کچل دیا۔
پنڈتا، کشمیری مائیگرنٹ سیل کے وائس چیئرمین، کانگریس کے ایک سرشار رہنما اور کشمیری پنڈتوں کے کاز کے لیے ایک ممتاز وکیل تھے۔
جے کے پی سی سی کے چیف ترجمان رویندر شرما نے کہا، ’’وہ یوتھ کانگریس میں ایک عرصے سے پارٹی سے وابستہ رہےـ”۔
کانگریس پارٹی کی قیادت نے ان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری غلام احمد میر، اے آئی سی سی انچارج بھارت سنگھ سولنکی، جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ، پارٹی کے ورکنگ صدور تارا چند اور رمن بھلا، سابق وزیر یوگیش ساہنی، اور پی سی سی مائیگرنٹ سیل کے چیئرمین ایچ ایل پنڈتا نے دکھ کا اظہار کیا۔