عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ’’تنازع کے ٹھیکیداروں‘‘کو جموں و کشمیر میں دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ایل جی سنہا نے کہا، تنازع کے ٹھیکیداروں نے تین دہائیاں قبل ہمارے پڑوسی ملک کے ساتھ ہاتھ ملا کر ملی ٹینسی اور نفرت کو اپنے مفاد کے لیے فروغ دیا۔ ان کے ہاتھ معصوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا،یہ تنازع کے ٹھیکیدار دہشت اور تشدد کا ایک بڑا کاروبار چلا رہے تھے اور انہوں نے اپنے مفادات کی خاطر کشمیری عوام کو توپ کا چارہ بنا دیا تھا۔ایل جی سنہا نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینسی اور تنازع کے ٹھیکیداروں کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔
ایل جی منوج سنہا کا مزید کہنا تھا کہ کچھ تنازع کے ٹھیکیدار ایک بار پھر سر اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہیں کچل دیا جائے گا۔