عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مرگن ٹاپ علاقے میں ایک ٹرک کے گہری کھائی میں گرنے کے باعث کنڈکٹر جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔
حکام نے بتایا کہ اینٹوں سے لدھا ہوا ٹرک، جو اننت ناگ سے وڑوان کی طرف جا رہا تھا، جب مرگن ٹاپ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر دونوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی کنڈکٹر کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ زخمی ڈرائیور کا علاج جاری ہے۔
متوفی کنڈکٹر کی شناخت مظفر علی ولد ارشاد احمد ساکن گری درمن اور زخمی ڈرائیور کی شناخت 32 سالہ ممتاز احمد ولد محمد اسماعیل کے طور پر ہوئی ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے اس حادثے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔