عظمیٰ نیوز ڈیسک
سری نگر/موجودہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر سری نگر کے تمام علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی سپلائی احتیاطی طور پر معطل کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ فضائی حملے یا ڈرون سرگرمی کے دوران تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اور دفاعی نظام کی مؤثر کارکردگی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ فیصلہ جموں میں پاکستانی ڈرون حملوں کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں لیا گیا ہے، جس میں کئی ڈرونز کو ائر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا تھا۔
سیکیورٹی فورسز اورd بجلی محکمہ کے اہلکاروں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اہم تنصیبات پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی حالات کا جائزہ لینے کے بعد ممکن بنائی جائے گی۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ سیکیورٹی ادارے مسلسل چوکسی کے ساتھ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
سیکورٹی خطرات کے پیش نظر سری نگر میں مکمل بلیک آؤٹ، تمام علاقوں میں بجلی معطل
