محمد تسکین
بانہال// کمشنر آف ریلوے سیفٹی دھنیش چند دیشوال دو روزہ دورے پر کٹرا پہنچ گئے ہیں تاکہ کٹرا سے بانہال تک کشمیر ریل پروجیکٹ کا حتمی سیفٹی انسپکشن مکمل کیا جا سکے۔
یہ دورہ ریل سروس کے آغاز سے قبل آخری معائنہ ہے، جس کے بعد جموں و کشمیر کے درمیان ریل سروس کے آغاز کا راستہ صاف ہو جائے گا۔
ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کمشنر آف ریلوے سیفٹی نے منگل کی صبح کٹرا ریلوے سٹیشن سے اپنے معائنے کا آغاز کیا اور دوپہر کو ضلع ریاسی میں انجی کھڈ نالہ پر بنائے گئے جدید کیبل پل کا معائنہ کیا۔
یہ پل اپنی طرز کا پہلا تعمیراتی منصوبہ ہے جو کشمیر ریل پروجیکٹ کی انجینئرنگ مہارت کا مظہر ہے۔
کمشنر آف ریلوے سیفٹی کل بدھ کے روز ریل کی رفتار کا بھی معائنہ کریں گے، جس کے دوران کٹراہ سے بانہال اور بانہال سے کٹرا تک ریل گاڑی کی رفتار، استحکام اور دیگر حفاظتی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق، کشمیر ریل پروجیکٹ ملک کے سب سے بڑے اور پیچیدہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک ہے، جو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اس پروجیکٹ میں متعدد جدید پل اور طویل سرنگیں شامل ہیں، جو خطے کی جغرافیائی پیچیدگیوں کے باوجود تعمیر کی گئی ہیں۔
اگر کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی رپورٹ مثبت رہی تو کٹراہ سے کشمیر تک ریل سروس کسی بھی وقت شروع کی جا سکتی ہے، جو جموں و کشمیر میں رابطے اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گی۔
اس منصوبے کی تکمیل سے خطے کے عوام کو سفری سہولیات فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحت اور دیگر شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھلنے کی امید ہے۔