جموں// جموں و کشمیر میں یومِ جمہوریہ کی شاندار تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایم اے ایم سٹیڈیم، جموں میں قومی پرچم لہرایا اور شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔
انہوں نے فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، پولیس، این سی سی کیڈٹس اور سکول طلباء کی جانب سے مارچ پاسٹ کا سلام قبول کیا۔ اس موقع پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھولوں کی بارش بھی کی گئی۔
منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو شرپسند قوتوں سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ خطے میں تشدد کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے تاہم دشمن اپنے ناپاک عزائم کو کامیاب بنانے کیلئے نوجوانوں کو بھڑکانے میں مصروف ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “یومِ جمہوریہ ہمیں آزادی کے متوالوں اور شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں آئینِ ہند میں درج جمہوریت، انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے اقدار کو برقرار رکھنے کی تاکید کرتا ہے”۔
انہوں نے بھارتی فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی قربانیاں ملک کی یکجہتی اور استحکام کی ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی میں تمام افراد کا کردار قابل ستائش ہے، چاہے وہ کسان ہوں، اساتذہ، کاریگر، یا سرکاری ملازمین۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے ثقافتی تنوع اور بھائی چارے کی صدیوں پرانی روایت کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کے خوابوں کو شرپسند قوتوں سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 1,166 آن لائن خدمات ای-اُنّت پورٹل پر دستیاب ہیں، جبکہ 501 ای-خدمات کو ریپڈ اسیسمنٹ سسٹم (آر اے ایس) کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، جے کے سامادھان پلیٹ فارم کے ذریعے روزانہ 300 عوامی شکایات کا آن لائن ازالہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت نے 9.5 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے، جس میں سیاحت کا شعبہ نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ رواں سال نومبر تک 2.36 کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔ گلمرگ گونڈولا نے 7.68 لاکھ سیاحوں کی میزبانی کی اور 103 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایم اے ایم اسٹیڈیم میں ثقافتی پروگرام اور جے کے پولیس کے موٹر سائیکل سواروں کے جرات مندانہ مظاہرے تقریب کے نمایاں پہلو رہے۔ جموں و کشمیر کی یہ تقریبات قومی یکجہتی، ترقی اور امن کے لیے عوام کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
نوجوانوں کے خوابوں کو شرپسند قوتوں سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری: لیفٹیننٹ گورنر
