عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/راجیہ سبھا نے جمعرات کو اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان کوسٹل شپنگ بل 2025 منظور کر لیا، اس طرح اسے پارلیمنٹ کی منظوری مل گئی۔لوک سبھا نے اس بل کو 3 اپریل کو منظور کیا تھا۔بل کی منظوری کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔اس بل میں ہندوستانی ساحلی پانیوں میں تجارت میں مصروف بحری جہازوں کو ریگولیٹ کرنے کا التزام ہے اور اس سے سمندر کے ذریعہ ساحلی تجارت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
راجیہ سبھا میں صبح کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد آج دوپہر دو بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان کا ہنگامہ جاری رہا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان پریزائیڈنگ ڈپٹی چیئر مین گھنشیام تیواڑی نے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال سے لوک سبھا میں منظور اس بل کو اسی شکل میں بحث اور منظوری کے لیے پیش کرنے کو کہا۔اپوزیشن اراکین کے ہنگامے کے درمیان مختصر بحث اور اس پر وزیر کے جواب کے بعد بل کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔
اپوزیشن کے بعض ارکان نے بل میں کچھ ترامیم کی تجویز دی تھی لیکن ڈپٹی چیئرمین کی جانب سے ترامیم پیش کرنے کے لیے بلانے پر انہوں نے کوئی ترمیم پیش نہیں کی اور کہا کہ پہلے ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے معاملے پر بحث کرائی جائے۔ کانگریس کے سینئر رکن پرمود تیواری پوائنٹ آف آرڈر اٹھانا چاہا لیکن چیئر نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی۔
بل کو ایوان کی منظوری کے بعد پریزائیڈنگ ڈپٹی چیئرمین نے اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔ قبل ازیں اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث ایوان کی کارروائی صبح وقفہ صفر میں بھی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
ہنگامہ آرائی کے درمیان راجیہ سبھا میں کوسٹل شپنگ بل منظور، کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی
