عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور ایم ایل اے حضرت بل، سلمان علی ساگر نے آج کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کا فیصلہ “سیاسی محرکات پر مبنی” تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی مرکز کے ساتھ مصروفیات جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ریاستی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے امید افزاء ہے۔
سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے، جس میں انہوں نے آرٹیکل 370 اور 35(A) کی منسوخی کا دفاع کیا تھا، این سی رہنما نے کہا کہ یہ خصوصی دفعات ہیں اور انہیں مکمل طور پر عارضی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی یقین رکھتے ہیں کہ آرٹیکل 370 کو بحال کیا جانا چاہیےـ
سابق چیف جسٹس چندرچوڑ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آئین میں آرٹیکل 370 کو ہمیشہ ایک عبوری شق” کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ ان کے یہ ریمارکس اس وقت آئے جب قانونی ماہرین نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ 13 دسمبر 2024 کو، چیف جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی میں ایک آئینی بینچ نے متفقہ طور پر صدر کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے اختیار کو برقرار رکھا تھا۔
تاہم، این سی رہنما سلمان ساگر نے سپریم کورٹ پر اس معاملے میں واضح مؤقف نہ رکھنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، بدقسمتی سے سپریم کورٹ خود اس معاملے پر واضح نہیں تھی اور ایسا لگا کہ وہ حکومت کے زیر اثر تھی بجائے اس کے کہ عوام کے لیے منصفانہ فیصلہ دیتی۔ عدالت کا فیصلہ حکومت کی حمایت میں جھکا ہوا نظر آیا۔
جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ساگر نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک کوئی حتمی ٹائم فریم نہیں دیا ہے۔ تاہم، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی یقین دہانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا۔ انتخابات کے بعد، ایسے معاملات کی اہمیت بڑھ جاتی ہے کیونکہ ہمارے پاس عوامی مینڈیٹ ہوتا ہے۔ ایک منتخب حکومت کے پاس عوامی حمایت کی طاقت کی وجہ سے زیادہ اختیار ہوتا ہےـ