عظمیٰ ویب ڈیسک
کٹھوعہ// جموں صوبہ کے کٹھوعہ ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے فیصلے کیلئے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کی ستائش کی۔
یوگی ادھم پور لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی انتخابی مہم کے لیے کٹھوعہ پہنچے ہیں۔
یوگی نے کہا، “جب بات جموں و کشمیر کی ہو تو آزاد بھارت کے نعرے، ’جہاں ہوئے بلیدان مکھرجی، وہ کشمیر ہمارا ہے‘ گونجتے ہیں۔ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی نے اس خواب کی تکمیل کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیا (دفعہ 370 کی منسوخی)، لیکن کوئی بھی حکومت اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں لے سکی۔ میں پی ایم مودی اور ایچ ایم امیت شاہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ دہلی کا لال قلعہ ہو یا سرینگر کا لال چوک، جوش اور ولولہ ہے کیونکہ یہ خطہ اب ترقی کے دھارے سے جڑا ہوا ہے”۔
یوگی نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سے پوچھو جو ملک کی تقسیم کے ذمہ دار تھے، کانگریس نے 1947 میں آزادی سے ایک دن پہلے ملک کی بدقسمتی سے تقسیم کر دی تھی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہا کہ کٹھوعہ ایک تاریخی جگہ ہے، شیاما پرساد مکھرجی نے یہاں سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ’ایک نام – ایک نشان‘ کی حمایت میں اپنی گرفتاری دی تھی اور اس کے بعد ان کی موت ہوگئی۔ شاہ پور کنڈی ڈیم اس حلقے میں ہے، دنیا کا سب سے اونچا پل، طویل ترین سڑک ٹنل، اور بائیوٹیک پارک اسی حلقے میں ہیں”۔
اس سے قبل، کٹھوعہ کے دورے کے دوران یوگی نے پیش گوئی کی تھی کہ اگلے چند سالوں میں، پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے، کٹھوعہ ایک متحرک مرکزی مقام کے طور پر ترقی کر سکتا ہے۔
اس سیٹ پر کانگریس کے چودھری لال سنگھ اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے ساتھ سہ رخی لڑائی مقابلہ ہونے والا ہے جو تین بار کے سابق ایم ایل اے جی ایم سروڑی کو بی جے پی کے جتیندر سنگھ کے خلاف کھڑا کر رہی ہے جو اس حلقے میں ہیٹ ٹرک کے لیے کوشاں ہیں۔
سات مرحلوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں ادھم پور لوک سبھا حلقہ میں پولنگ 19 اپریل کو ہوگی۔