عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
پیپلز کانفرنس کے رکن اسمبلی سجاد لون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے غریب ترین طبقے کو مفت بجلی فراہم کرکے اس عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
جب لون نے پوچھا کہ آیا حکومت تمام گھریلو صارفین کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرے گی یا نہیں، تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے مختلف مواقع پر وضاحت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہااسے لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب، بجٹ تقریر اور گرانٹس کی مانگوں کے جواب میں دہرایا گیاہے۔جب رکن اسمبلی نے کشمیر میں سولر پاور پینلز کے ذریعے 2 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت پر شبہات کا اظہار کیا، تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ معاملہ حکومت پر چھوڑ دینا چاہیے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر گھر تک بجلی پہنچائے۔
حکومت 200یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کے عزم پر قائم : عمر عبداللہ
