عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ وادی میں گذشتہ کئی دنوں سے بھاری مقدار میں گلے سڑے اور مضر صحت گوشت کی برآمدگی کے بیچ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو یہاں مارکیٹ ریگولیشن کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ کے دوران انہوں نے فوڈ سیفٹی محکمے کو معائنے تیزکرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام کھانے پینے کی اشیاء کوالٹی اور سیفٹی کے معیار پر پورے اترنے چاہئیں’۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں حالیہ دنوں کے ان واقعات پر خصوصی توجہ دی گئی جن میں سڑا ہوا گوشت، ناقص دودھ اور مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘وزیر اعلیٰ نے مارکیٹ ریگولیشن کے حوالے سے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور فوڈ سیفٹی ڈیارٹمنٹ کو معائنے تیزکرنے کی ہدایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ تمام اشیائے خوردونوش کوالٹی اور سیفٹی کے معیار پر پورے اترنے چاہئیں۔واضح رہے کہ کشمیر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بھاری مقدار میں سڑا ہوا گوشت بر آمد کیا گیا۔
محکمہ فوڈ سیفٹی نے اس کے خلاف کاررائیوں کو تیز کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ خریداری سے پہلے گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش کے معیار کو ضرور چیک کریں۔
انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے، لائسنس کی منسوخی اور دکانوں کی بندش جیسی سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔
عمرعبداللہ کی مارکیٹ ریگولیشن کے حوالے سے اہم میٹنگ
