عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران چار سال سے زائد عرصے بعد روایتی ششماہی ’’دربار مو‘‘کے دوبارہ آغاز کا اعلان کیا۔ دربار مو کی اس صدی پرانی روایت کو پہلے لیفٹیننٹ گورنر نے معطل کیا تھا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کابینہ نے اس روایت کو بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہافائل لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجی گئی تھی اور اسے منظوری مل گئی ہے۔ حکومت جلد ہی اس روایت کو دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کابینہ نے ستمبر میں مکمل پیمانے پر دربار مو کی بحالی کی سفارش کی تھی۔یہ روایت 1872 میں مہاراجہ گلاب سنگھ نے شروع کی تھی، جس کے تحت موسمِ سرما میں دارالحکومت جموں اور موسمِ گرما میں سرینگر منتقل کیا جاتا تھا۔یہ روایت ایک صدی سے زائد عرصے تک جاری رہی، جس کا مقصد دونوں خطوں تک انتظامی رسائی فراہم کرنا تھا۔ تاہم 2021 میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اسے معطل کر دیا تھا۔
جموں و کشمیر میں دربار مو کا دوبارہ آغاز، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا اعلان
