عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں منتخب حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی، اس لیے کسی شیڈو کابینہ کی ضرورت نہیں ہے۔
میر واعظ عمر فاروق اور حسنین مسعودی سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے، عمر عبداللہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سحری اور افطار کے وقت بجلی اور پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
جب ان سے بی جے پی کی جانب سے تشکیل دی گئی ”شیڈو کابینہ“ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی کسی کابینہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ “ہمارے پاس صرف ایک کابینہ ہے۔ شیڈو کابینہ کی کوئی ضرورت نہیں۔
بی جے پی پہلے حکومت کر چکی ہے اور اب عوام کی خدمت کے لیے ایک منتخب حکومت موجود ہے۔ ہم جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گےـ
عمر عبداللہ حیدرپورہ میں مرحوم ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی کے گھر بھی گئے، جو اس ہفتے انتقال کر گئے تھے۔ ڈاکٹر سبطین، نیشنل کانفرنس کے رہنما حسنین مسعودی کے بھائی اور میر واعظ مولوی عمر فاروق کے والد نسبتی تھے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی حیدر پورہ میں میر واعظ عمر فاروق اور حسنین مسعودی کیساتھ تعزیت
