عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں جموں و کشمیر میںپبلک سروسز گارنٹی ایکٹ (PSGA)کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت عوامی خدمات کی بروقت، شفاف اور جوابدہ فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں سینئر افسران اور مختلف اہم محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے PSGA کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک قانونی یقین دہانی ہے کہ عوام کو پانی، بجلی، سرٹیفکیٹس اور کلیئرنس سمیت دیگر بنیادی سہولیات مخصوص مدت میں دستیاب ہوں گی۔
عمر عبداللہ نے کہا، عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ حکمرانی کی اصل پہچان یہ ہے کہ وہ شہریوں کی ضروریات کا کتنی تیزی اور شفافیت سے جواب دیتی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام محکموں میں خدمات کی فراہمی کی کارکردگی کی نگرانی کریں، خاص طور پر تاخیر کے معاملات کو دور کرنے اور نظام میں موجود خامیوں کو درست کرنے پر توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے PSGA کے تحت شکایات کے ازالے کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور تمام محکموں سے ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہاایک جوابدہ اور ذمہ دار حکومت ہی عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے۔ خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا بے حسی برداشت نہیں کی جائے گی۔PSGA مختلف عوامی خدمات کی وقت مقررہ میں فراہمی کو یقینی بناتا ہے اور تاخیر پر متعلقہ افسران کے خلاف جرمانے عائد کرتا ہے۔ اسے جموں و کشمیر میں عوامی نظام میں اصلاحات اور شہریوں کو بااختیار بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ہر شہری کی درخواست کو ترجیحی بنیادوں پر لیں اور متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دی تاکہ لوگ اس قانون کے تحت اپنے حقوق سے بخوبی واقف ہوں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے نفاذ کا جائزہ لیا، بروقت اور شفاف خدمات کی فراہمی پر زور
