عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کو کٹھوعہ ضلع میں ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں چھ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے اس سانحے کو انتہائی دردناک قرار دیا جس میں چھ افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا، “یہ سانحہ دل دہلا دینے والا ہے جہاں چھ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے”۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ یہ آگ بدھ کی صبح ایک کرائے کے مکان میں لگی، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چھ افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
لاشوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال کٹھوعہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا جبکہ چار زخمی افراد کا علاج جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بہترین علاج کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا، “میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں”۔