عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع کشتواڑ کے چسوتی گاؤں میں بادل پھٹنے کے واقعے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور فوری امداد کے طور پر ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا۔عمر عبداللہ نے ہفتے کو ضلع کشتواڑ کے بادل پھٹنے سے متاثرہ گاؤں چسوتی کا دورہ کیا اور وہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی اور فوری امداد کے طور پر وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا۔
ریلیف میں اس واقعے میں فوت ہونے والوں کے اہلخانہ کو 2 لاکھ روپیے جبکہ شدید زخمی ہونے والے کو ایک لاکھ روپیے اور معمولی زخمی ہونے والے کو 50 ہزار روپیے دئے جائیں گے۔علاوہ ازیں مکمل تباہ ہونے والے ڈھانچوں کے لئے ایک لاکھ روپیے جبکہ جن تعمیراتی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ان کے لئے 50 ہزار روپیے اور جن تعمیراتی ڈھانچوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ان کو 25 ہزار روپیے دئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے علاقے میں متاثرہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
کشتواڑ سانحہ:عمر عبداللہ کا متاثرین کے لئے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان
