عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// ڈوڈہ ضلع کے کوٹہ نالہ میں ہفتہ کی صبح بادل پھٹنے سے تھلیلہ -چرالہ لنک روڈ کا بڑا حصہ بہہ گیا اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ ٹھاٹھری اطہر امین زرگر نے بتایا کہ تھلیلہ چرالہ رابطہ سڑک کا ایک حصہ رات کے وقت بادل پھٹنے سے بہہ گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ “بادل پھٹنے کے ساتھ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں کوٹہ نالہ میں مٹی کے تودے گرآئے اور سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سڑک سے ملبہ ہٹانے اور اسے جلد از جلد بحال کرنے کے لیے افراد اور مشینری تعینات کی جا رہی ہے”۔
ایس ڈی ایم ٹھاٹھری نے مزید کہا کہ شاہراہ کا ڈوڈہ کشتواڑ حصہ جو شیوا پل اور ٹھاٹھری پٹرول پمپ کے درمیان بادل پھٹنے کی وجہ سے بند ہوگیا تھا کو دو طرفہ ٹریفک کے لئے بحال کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے بیشتر حصوں میں آج تیسرے دن بھی موسلادھار بارش جاری رہی، جس کے نتیجے میں دریائے چناب اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔
ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے لوگوں کو محتاط رہنے اور ندی نالوں، دریاﺅں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔