عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر سیب کی پیداوار میں مالا مال ہے اور وادی میں کلین پلانٹ سینٹر کے قیام سے اس کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر کی چھٹی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے، چوہان نےکہا کہ کشمیر سیب کی پیداوار میں بہترین ہے لیکن یہاں معیاری پودوں کی ضرورت ہے۔ اِس لئے ہم نے کشمیر میں 150 کروڑ روپے کی لاگت سے کلین پلانٹ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہائی ڈینسٹی سیب کی پیداوار میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے اور وہ جموں و کشمیر کے پھلوں کو دنیا بھر تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ بھارت کو کسی بھی ملک سے سیب درآمد کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
چوہان نے مزید کہا کہ وہ شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر میں آکر بہت خوش ہیں۔ میں یہاں کے پروفیسروں اور طلباء کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم جلد ہی زرعی یونیورسٹیز میں پانچویں سے پہلی پوزیشن حاصل کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ SKUAST-K میں ملک کی 20 ریاستوں کے طلباء زیر تعلیم ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ صرف قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی یونیورسٹی بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ جو طلباء آج گریجویٹ ہو رہے ہیں، انہیں یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ان کی تعلیم ختم نہیں بلکہ اب شروع ہوئی ہے۔ اب وقت ہے کہ وہ اپنی حاصل کردہ تعلیم کو کلاس رومز اور لیبارٹریوں سے نکال کر عملی زندگی میں استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ زراعت جموں و کشمیر اور ملک کی معیشت کی بنیاد ہے۔ آدھی سے زیادہ آبادی زراعت کے ذریعے ہی روزی روٹی کما رہی ہے۔
کشمیر میں سیب کی پیداوار بڑھانے کے لیے کلین پلانٹ سینٹر قائم کیا جائے گا: مرکزی وزیر
