عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے اتوار کو گیارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحان میں مجموعی طور پر 72 فیصد طلباءکامیاب ہوئے۔
جے کے بی او ایس ای کے عہدیداروں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 75 فیصد طالبات اور 69 فیصد طلباءکامیاب ہوئے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ امتحان کیلئے کل 1,23,026 طلباءنے اندراج کیا تھا جن میں سے 88,396 طلباءنے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
امتحان سافٹ اور ہارڈ زون والے علاقوں میں منعقد کیا گیا تھا۔ امتحان میں بورڈ کی جانب سے کل 1179 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔
جے کے بی او ایس ای کے چیئرمین پرکشت سنگھ منہاس نے تمام تدریسی اور غیر تدریسی برادری کو ان کے تعاون کے لیے مبارکباد دی اور کامیاب طلبہ کے اگلے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، “یونیفارم اکیڈمک کیلنڈر کے تحت JKBOSE کی طرف سے منعقد کیے گئے سالانہ امتحانات 2024 اس نتیجہ کے اعلان کے ساتھ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے”۔
منہاس نے کہا، “یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ متعلقہ سرکاری محکموں اور JKBOSE کے تمام ونگز نے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے قریبی تال میل میں کام کیا”۔
انہوں نے ان طلباءکی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے اس بار کامیابی حاصل نہیں کی۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ نئے جوش و جذبے کے ساتھ آئندہ دو سالہ امتحانات میں پوری کوشش کریں۔
امتحان کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر یہاں دستیاب ہیں۔