اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل بھلیسہ کے گاوں سنوارہ میں زمینی تنازعہ کو لے کر ہوئی ہاتھا پائی کے دوران چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑے بھائی کا قتل ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر گندوہ سے 13 کلومیٹر کی دوری پر واقع گاوں سنوارہ میں دو بھائیوں کے درمیان اراضی تنازعہ کو لے کر جھگڑا، اس دوران امتیاز احمد (عمر34)ولد نذیر احمد نے اپنے بڑے بھائی اشتیاق احمد (48)پر حملہ کیا جو شدید زخمی ہوا۔
اُنہوں نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا جہاں پر ابتدائی علاج معالجہ کے بعد اسے جی ایم سی ڈوڈہ کے لیے روانہ کیا تاہم راستے میں ہی وہ دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اشتیاق احمد پیشہ سے ٹیچر تھا جبکہ امتیاز احمد پولیس میں بطور ایس پی او تعینات ہے۔
ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس ضمن میں مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔