عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بی آر گوائی رواں ہفتے اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ ان کی یہ آمد 26 اور 27 جولائی کو سری نگر میں منعقد ہونے والی نارتھ زون ریجنل لیگل کانفرنس کے سلسلے میں ہو رہی ہے، جس میں ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے 25 نامور ججز شرکت کریں گے۔
یہ دو روزہ کانفرنس نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر و لداخ کے باہمی اشتراک سے ایس کے آئی سی سی، سری نگر میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس اہم تقریب میں سپریم کورٹ کے 6 ججز، 5 مختلف ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ریاستی و مرکزی سطح کی لیگل سروسز اتھارٹیز کے اعلیٰ نمائندے شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں مرکزی وزیر قانون، ارجن رام میگھوال کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ چیف جسٹس آف جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ جسٹس ارون پلی اور دیگر معزز ججز بھی کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔
کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر چیف جسٹس صاحبان میں جسٹس سوریہ کانت،جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس پی ایس نرسمہا، جسٹس راجیش بندل، جسٹس پنکج متھل، اور جسٹس این کوٹیسور سنگھ ،دہلی، پنجاب و ہریانہ، ہماچل پردیش، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے چیف جسٹس صاحبان بھی شرکت کریں گے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد ہارون، سری نگر میں قبائلی طبقے کے لیے لیگل کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کیمپ میں 12 مختلف سرکاری محکمے اپنے اسٹالز لگائیں گے تاکہ عوام کو قانونی سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔
انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف امور جیسے رہائش، استقبالیہ، ٹرانسپورٹ، سیکورٹی، ثقافتی پروگرامز، میڈیا اور بین ضلعی رابطے کے لیے خصوصی سب کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں
چیف جسٹس آف انڈیا کا یہ پہلا دورہ نہ صرف جموں و کشمیر کے لیے ایک باوقار موقع ہے بلکہ اس سے انصاف، قانونی آگاہی اور عوامی رسائی کے عمل کو مزید تقویت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا پہلی بار کشمیر کا دورہ کریں گے
