عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں ایئرپورٹ پر ہفتہ کو مرکزی سلامتی فورس (سی آئی ایس ایف) کی نگرانی میں ایک بڑی ملٹی ایجنسی موک ڈرل منعقد کی گئی، جس کا مقصد ہنگامی صورتحال کے دوران مختلف سکیورٹی اور امدادی اداروں کی تیاری اور فوری ردعمل کا عملی جائزہ لینا تھا۔ذرائع کے مطابق اس مشق میں سی آئی ایس ایف کے ساتھ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ ، انڈین ایئر فورس، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ، جے اینڈ کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، جی ایم سی کی میڈیکل ٹیم، اے اے آئی فائر سروسز، اور سی آئی ایس ایف کے بم ڈسپوزل اسکواڈ و ڈاگ اسکواڈ نے بھرپور شرکت کی۔مشق کے دوران فرضی ہنگامی صورتحال تخلیق کی گئی، جس میں ممکنہ سیکیورٹی بریچ، دھماکہ خیز مواد کی اطلاع، آگ لگنے اور زخمیوں کے فوری علاج جیسی صورتحال شامل تھیں۔ متعلقہ تمام اداروں نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کے مطابق فوری، پیشہ ورانہ اور مربوط کارروائی انجام دی۔
ذرائع کے مطابق اس ڈرل کا بنیادی مقصد تال میل کو مزید مضبوط بنانا، ایمرجنسی رسپانس کے معیاری طریقۂ کار کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانا تھا تاکہ حقیقی بحران کی صورت میں بروقت اور موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ اس طرح کی مشقیں نہ صرف سیکیورٹی انتظامات کو فعال بناتی ہیں بلکہ عملے کو شدید دباؤ والی صورتحال میں بہتر کارکردگی کے لیے تیار کرتی ہیں۔ مشق کے دوران ہر مرحلے کو باریک بینی سے مانیٹر کیا گیا تاکہ مستقبل کے لیے بہتری کے نکات کی نشاندہی کی جا سکے۔حکام کے مطابق مورک ڈرل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی اور تمام اداروں نے پیشہ ورانہ انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ہم آہنگ کوششیں مسافروں کی حفاظت اور ہوائی اڈے کی مجموعی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
جموں ایئرپورٹ پر سی آئی ایس ایف کی موک ڈرل، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا