عشرت حسین بٹ
سرینگر/ضلع پولیس پونچھ کو ملی ایک اطلاع کے مطابق کچھ شرپسند عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر مصدقہ اور جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور ہراساں کرنا ہے۔پولیس کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف عوام میں غیر ضروری خوف و ہراس اور الجھن پیدا کرتے ہیں بلکہ قانون کے تحت سنگین جرم کے زمرے میں بھی آتے ہیں۔ پولیس نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر یقین نہ کریں اور اسے آگے نہ بڑھائیں جب تک کہ وہ سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ نہ ہو۔
پونچھ پولیس نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ پر سخت وارننگ جاری کی ہے اور واضح کیا ہے کہ جو بھی افراد جھوٹی معلومات پھیلانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ سائبر نگرانی کی ٹیمیں سختی کیساتھ ایسی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کہا ایسے افراد کو شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے کہا ہے کہ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ صرف پولیس یا ضلعی انتظامیہ کے مستند اور تصدیق شدہ ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور کسی بھی مشتبہ یا گمراہ کن مواد کی فوری اطلاع دیں۔
سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا پھیلاؤ، ضلع پولیس پونچھ کی عوام کو ہوشیار رہنے کی اپیل
