عظمیٰ ویب ڈیسک
گلمرگ/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو گلمرگ میں کنونشن سینٹر کا افتتاح کیا اور کہا کہ یہ سینٹر حکومت پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سینٹر کا بہتر استعمال ضروری ہے تاکہ یہ آمدنی پیدا کرے اور حکومت پر بوجھ نہ بنے۔انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کو شادیوں، کانفرنسز کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے اور یہاں کافی دکانوں کو لیز پر دیا جا سکتا ہے تاکہ سیاح شام کے وقت یہاں لطف اندوز ہوسکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاسیاح دن کے وقت گنڈولہ، اسکیئنگ اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں، مگر شام کے وقت کرنے کے لئے کچھ نہیں ہوتا۔ اس لئے یہ کنونشن سینٹر سیاحوں کو شام گزارنے کے لئے ایک جگہ فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے گلمرگ کی پوزیشن ایک عالمی سیاحتی مقام کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔
عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ ہر سال یہاں دو سے تین بڑے پروگرام منعقد ہوں گے۔ اس سینٹر کی سخت ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور ہم محکمہ سیاحت کے ساتھ بات کر رہے ہیں کہ آیا اسے ایس کے آئی سی سی کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ مارکیٹنگ اور دیکھ بھال بہتر انداز میں انجام دی جا سکے۔