عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے ہفتہ کے روز میر واعظ عمر فاروق کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میر واعظ کا مرکز سے نئی دہلی اور جموں و کشمیر کے درمیان ’دل کی دوری‘ کو دور کرنے کا مطالبہ ایک اہم اور معنی خیز اپیل ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے تین اراکینِ پارلیمنٹ میاں الطاف، انجینئر رشید اور آغا روح اللہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاان اراکین نے جس دردمندی سے کشمیری عوام کے احساسات کو بیان کیا، وہی ہماری اجتماعی فکر کی عکاسی ہے، جو ہم برسوں سے دہراتے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہااگر واقعی نئی دہلی کے اربابِ اختیار دل کی دوری کم کرنے میں سنجیدہ ہیں، تو انہیں ان آوازوں کو توجہ سے سننا اور ان پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
الطاف بخاری نے ہفتے کو میر واعظ کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہامیر واعظ کا مرکز سے نئی دہلی اور جموں و کشمیر کے درمیان ’دل کی دوری‘ کو دور کرنے کا مطالبہ ایک اہم اور معنی خیز اپیل ہے۔انہوں نے کہایہ ان کے اس حقیقت کے احساس اور اعتراف کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر سے متعلق تمام مسائل کا حل صرف اور صرف حکومت ہند کے پاس ہے۔ان کا کہنا تھا مرکز کو ان کی اپیل کا مثبت جواب دینا چاہیے تاکہ ’دل کی دوری‘ کو ختم کرنے کے لیے اعتماد سازی کے ضروری اقدام شروع کیے جائیں یہ عہد وزیر اعظم نے بھی کیا تھا۔
مرکز کو میر واعظ کی ’دل کی دوری‘ ختم کرنے کی اپیل پر عمل کرنا چاہئے: الطاف بخاری
