عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزارت اطلاعات و نشریات نے جمعرات کے روز تمام میڈیا اداروں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک سرکاری ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر دفاعی کارروائیوں اور سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت کی لائیو کوریج سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ ہدایت نامہ نائب ڈائریکٹر اگروال کی جانب سے جاری کیا گیا، ہدایت نامے میں میڈیا کو دفاعی معاملات کی رپورٹنگ کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیاتمام میڈیا پلیٹ فارمز، نیوز ایجنسیز اور سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ دفاع اور دیگر سیکیورٹی سے متعلق معاملات کی رپورٹنگ میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور موجودہ قوانین و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔
ہدایت میں خاص طور پر کہا گیا ہے کہ دفاعی کارروائیوں یا فوجی نقل و حرکت کی کسی قسم کی ریئل ٹائم کوریج، ویژولز کی ترسیل یا ذرائع پر مبنی رپورٹنگ نہ کی جائے۔ حساس معلومات کا قبل از وقت افشا غیر ارادی طور پر دشمن عناصر کی مدد کر سکتا ہے اور آپریشن کی مؤثریت اور اہلکاروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
ہدایت نامے میں کارگل جنگ، 26/11 ممبئی دہشت گرد حملے، اور قندھار ہائی جیکنگ جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماضی میں میڈیا کی بلا روک ٹوک کوریج سے قومی سلامتی کو منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزارت نے میڈیا کو کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس (ترمیمی) قواعد، 2021 کے قاعدہ 6(1)(p) کی یاددہانی کرائی، جو انسداد دہشت گردی کارروائیوں کی لائیو کوریج پر پابندی عائد کرتا ہے۔ ایسی نشریات قواعد کی خلاف ورزی میں آتی ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ہدایت میں کہا گیامیڈیا کوریج کو صرف حکومت کی جانب سے نامزد افسر کی جانب سے وقتاً فوقتاً بریفنگ تک محدود رکھا جائے۔
ہدایت نامے کے اختتام پر کہا گیاتمام فریقین سے گزارش ہے کہ وہ کوریج میں چوکسی، حساسیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ جاری رکھیں اور قوم کی خدمت میں اعلیٰ ترین صحافتی معیار کو برقرار رکھیں۔
مرکز کی میڈیا کو دفاعی کارروائیوں کی لائیو کوریج سے اجتناب کرنے کی ہدایت
