عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر رویندر رینہ نے ہفتہ کو کہا کہ پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی وادی کشمیر کے تین پارلیمانی حلقوں میں امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
وہ ان قیاس آرائیوں پر ایک سوال کا جواب دے رہے تھے کہ بی جے پی ان تینوں سیٹوں پر اپنے امیدوار نہیں اتارے گی اور علاقائی جماعتوں کو حمایت دے گی – اننت ناگ حلقہ میں غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی، بارہمولہ سے سجاد لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس، اور سرینگر حلقہ پر الطاف بخاری کی اپنی پارٹی کو حمایت دینے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
رینہ نے کہا،”بی جے پی نے پہلے ہی اودھم پور اور جموں لوک سبھا سیٹوں (جموں خطہ میں) کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے اور ہم دونوں سیٹیں بڑے مارجن سے جیت رہے ہیں”۔
اُنہوں نے کہا، “دونوں خطوں (جموں اور کشمیر) میں پارٹی امیدواروں کی حمایت میں ایک زبردست مہم چل رہی ہے۔ جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی بی جے پی مضبوط ہے لیکن کشمیر کی تین سیٹوں اننت ناگ، سرینگر اور بارہمولہ سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ پارٹی کے سی ای سی بی جے پی صدر (جے پی نڈا) کی قیادت میں لیں گے”۔
انہوں نے اننت ناگ سیٹ کے ممکنہ امیدواروں میں شامل ہونے کے سوال کا براہ راست جواب دینے سے انکار کردیا۔
بی جے پی نے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور جگل کشور کو بالترتیب اودھم پور اور جموں سے نامزد کیا ہے۔ سنگھ اور کشور دونوں اپنی اپنی سیٹوں سے مسلسل تیسری جیت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
قبل ازیں، رینہ نے یہاں پارٹی دفتر میں پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کی قیادت کی۔
رینہ کے ساتھ پارٹی لیڈر اشوک کھجوریا، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا اور دیگر سینئر لیڈروں نے پارٹی پرچم لہرایا۔ بی جے پی آج اپنا 44 واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ 1980 میں آج کے دن، بی جے پی کا قیام قومی سیاسی جگہ میں ایک مضبوط قوم پرست آواز فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج پارٹی نے اپنے کیڈر کی محنت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مضبوط قیادت کی وجہ سے خود کو ملک کے عوام کی منفرد آواز کے طور پر قائم کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”آج بی جے پی نے ملک کو مضبوط کیا ہے اور لوگوں کو بااختیار بنایا ہے…، اس طرح بی جے پی کے ان قدآوروں کے مقصد کو موثر طریقے سے پورا کیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کے لیے وقف کردی“۔