حالیہ ملی ٹینٹ حملے: سی ڈی ایس جنرل انیل چوہان آج جموں کا دورہ کریں گے

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس)، جنرل انیل چوہان آج جموں کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ خطے میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
انیل چوہان کئی مہلک حملوں کے بعد دورہ کر رہے ہیں، حملوں میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک جوان اور نو یاتریوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
توقع ہے کہ جنرل چوہان نگروٹہ میں وائٹ نائٹ کور ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ اس میٹنگ کے دوران، انہیں موجودہ سیکورٹی حرکیات اور تشدد کی حالیہ لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
پچھلے دو ہفتوں میں ملی ٹینٹوں نے جموں و کشمیر کے ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ ان مربوط حملوں کے نتیجے میں کافی جانی نقصان ہوا ہے اور اس نے خطے میں سیکیورٹی کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔
ضلع ریاسی میں ملی ٹینٹوں نے یاتریوں کو لے جانے والی بس پر فائرنگ کی جس کے باعث وہ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ 9 جون کو ہونے والے حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔
12 جون کو، سیکورٹی فورسز نے کٹھوعہ ضلع میں دو مشتبہ عسکریت پسندوں کو ایک شدید گولی باری میں مار گرایا۔ دونوں ملی ٹینٹ کو مارا گرایا گیا، اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں سالٹ رائفلز اور دستی بم بھی شامل تھے۔ انکاونٹر میں سی آر پی ایف کا ایک جوان بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ڈوڈہ ضلع میں، ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی اہلکاروں کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں کم از کم پانچ فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔