پونچھ حملہ: مشتبہ ملی ٹینٹوں کی سی سی ٹی وی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

عظمیٰ ویب ڈیسک

مینڈھر// پونچھ ضلع میں گزشتہ ہفتے ہوئے ایک عسکری حملے میں ملوث تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کی تصاویر بدھ کے روز منظر عام پر آئی ہیں جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
پونچھ ضلع شاہستار علاقے میں ہفتہ کی شام دو گاڑیوں پر مشتمل آئی اے ایف کے قافلے پر حملے میں کارپورل وکی پہاڑے نامی ایک فضائیہ اہلکار مارا گیا، جبکہ چار دیگر آئی اے ایف اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس نے اس سے قبل دو ملی ٹینٹوں کے خاکے بھی جاری کیے تھے جن پر شبہ ہے کہ اس حملے میں ملوث ہیں، اس کے علاوہ کسی بھی ایسی معلومات کے لیے 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔
اس بات کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا بدھ کو وائرل تصاویر میں نظر آنے والے تینوں ملی ٹینٹ پونچھ حملے میں ملوث تھے یا سیکورٹی فورسز نے یہ تصاویر جاری کی ہیں۔
تاہم، ذرائع نے بتایا کہ تصاویر میں نظر آنے والے افراد آئی اے ایف کے قافلے پر حملہ کرنے کے ذمہ دار تھے، حالانکہ انہوں نے اس بات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا کہ آیا سیکورٹی فورسز نے یہ تصاویر جاری کی ہیں۔