عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// مختلف سرکاری محکموں کے عارضی ملازمین نےآج سرینگر میں احتجاج کیا، جس میں نوکریوں کی مستقلی اور بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پریس انکلیو میں اکٹھا ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے انہیں روک دیا، جس کے بعد انہوں نے لال چوک کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔
ملازمین نے نعرے لگاتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں طویل عرصے سے روزگار کی غیر یقینی صورتحال اور غیر منظم تنخواہوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ان کے مطالبات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو حراست میں لیا اور احتجاج کو منتشر کیا کردیا۔ تاہم بعد میں ایک پولیس اہلکار نے تصدیق کی کہ تمام زیر حراست افراد کو مختصر حراست کے بعد رہا کر دیا گیا۔
عارضی ملازمین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گےـ