کٹھوعہ// فوج نے جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ساتھ مل کر کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی ہے، جن میں علاقے کے بالائی حصوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے تاکہ مشتبہ ملی ٹینٹوں کا پتہ لگایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے اور ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں مکمل امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکورٹی فورسز نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ علاقے میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور تلاشی مہم تاحال جاری ہے۔