عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری// راجوری میں جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو پر تردید جاری کی ہے جسے 2 دن قبل کالاکوٹ علاقے میں نکالے گئے جلوس سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے آڈیو مواد میں ترمیم کی گئی ہے اور اسے بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ پولیس نے ضلع پولیس دفتر راجوری کے ذریعے جاری ایک بیان میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہا ہے جس میں راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں ایک جلوس کے دوران کچھ قابل اعتراض نعرے سنائی دے رہے ہیں”۔
پولیس نے کہا کہ ابتدائی تجزیے کے دوران پتہ چلا ہے کہ ویڈیو میں ترمیم کی گئی ہے، اس میں بدامنی پیدا کرنے کیلئے نعرے کی آڈیو کے ساتھ غیر حقیقی نوعیت کا اضافہ کیا گیا ہے”۔
پولیس نے اسے سنجیدگی سے دیکھا ہے اور اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 21/2024 میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ کالاکوٹ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ افواہوں کا شکار نہ ہوں اور ایسی ویڈیو شیئر کرنے سے گریز کریں جس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔