بارہمولہ میں 8 منشیات سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج، کوٹ بلوال جیل منتقل

فیاض بخاری

بارہمولہ// منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں 8 بدنام زمانہ منشیات سمگلروں کے خلاف پی آئی ٹی NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اُنہیں کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ منشیات سمگلروں کی شناخت جاوید محی الدین بٹ ولد غلام محی الدین بٹ سکنہ الہ پورہ کرہامہ کنزر، دانش احمد دھوبی ولد غلام محمد سکنہ اوگمونا کنزر، غلام محی الدین ولد سخی محمد سکنہ چندوسہ، عادل احمد ولد ناصر بٹ ساکنہ گوم احمد پورہ پٹن، وقار حسین بیگ ولد ارشد حسین ساکنہ لطیف آباد چندوسہ، آفرید احمد وانی ولد حبیب اللہ ساکنہ بانڈی پایین چندوسہ، بلال احمد بٹ ولد گلزار احمد اور محمد آصف بٹ ولد غلام حسن ساکنان ملورہ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجاز اتھارٹی سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد پی آئی ٹی-NDPS ایکٹ کے تحت تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ جس کے بعد سمگلروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور بعد میں انہیں سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ منشیات سمگلروں کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ مقامی نوجوانوں بانڈی، کنزر، اوگمونہ، پٹن، میرگنڈ وگورہ، کریری اور ضلع کے دیگر علاقوں میں منشیات کی سپلائی کرکے منشیات کے استعمال کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ بہت سی ایف آئی آرز میں ملوث ہونے کے باوجود، انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو درست نہیں کیا اور مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کر کے منشیات کے غلط کاروبار کو فروغ دینے میں دوبارہ ملوث ہو گئے۔