عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی راجدھانی میں لال قلعہ کے نزدیک پیر کی شام کو ایک کار میں زبردست دھماکہ ہوا جس سے کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور کئی گاڑیوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ زبردست کار دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کے بعد دہلی پولیس نے پورے شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ دہلی فائر سروس کے مطابق فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس سے کئی میٹر دور کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اس کی آواز پرہجوم علاقے کے آس پاس کی عمارتوں میں بھی سنی گئی۔
دہلی فائر سروس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا، “دھماکہ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر 1 کے قریب کھڑی ایک کار میں ہوا۔ اس کی شدت کافی زیادہ تھی۔ کئی لوگوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔” ایک عہدیدار نے دھماکے میں ایک ہلاکت کی اطلاع دی۔
دھماکے کے مناظر میں جلتی ہوئی کاروں سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک عینی شاہد نے کہا کہ میں گوردوارے میں تھا جب میں نے ایک زوردار شور سنا۔ یہ اتنا بلند تھا کہ ہم یہ بھی نہیں جان سکے کہ یہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “دھماکے سے قریب کھڑی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب خوفناک دھماکہ، 9 افراد ہلاک ،متعدد زخمی