عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے پیر کو کہا کہ پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا کی قیادت میں جلد ہی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پارٹی دفتر میں بی جے پی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ پر ریڈی نے کہا کہ امیدواروں کے بارے میں حتمی فیصلہ قومی الیکشن کمیٹی کا ہوگا۔
اُنہوں نے مزید کہا، “حتمی فیصلہ قومی الیکشن کمیٹی کرے گی۔ ریاستی انتخابی کمیٹی ناموں کی سفارش کرے گی، پھر ہم اس میں سے ایک پینل کی سفارش کریں گے۔ آخر میں، بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا جی کی قیادت میں، امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی…چونکہ نامزدگی کی آخری تاریخ 27 اگست ہے، اس کا اعلان اس ہفتے ہی کیا جائے گا‘‘ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کو ملی ٹینسی، اقربا پروری اور بدعنوانی سے بچانا ہے۔
ریڈی نے کہا ، “ہماری پارٹی اتحاد کے ساتھ کام کرتی ہے۔ ہمیں جموں و کشمیر کو ملی ٹینسی، اقربا پروری اور بدعنوانی سے بچانا ہے۔ ترقی مخالف قوتوں کو دوبارہ اقتدار میں نہیں آنا چاہیے… دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر میں بھائی چارہ اور امن قائم ہے‘‘۔