عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بہار کے گورنر عارف محمد خان نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی ایک مستحکم اور پُرامن عمل کے ذریعے ہونی چاہیے تاکہ دیرپا معمولاتِ زندگی بحال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ برسوں سے مشکلات اور جذباتی تکالیف سے دوچار رہا ہے۔
سری نگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبہارگورنر عارف محمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کے عوام یہ مشترکہ امید رکھتے ہیں کہ جموں و کشمیر ایک بار پھر اپنی ریاستی حیثیت حاصل کرے، مگر یہ عمل ایک منظم اور پائیدار طریقۂ کار کے تحت مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریاستی حیثیت کی بحالی کا مقصد سب کی خواہش ہے، لیکن اکثر معصوم عوام بڑے فیصلوں کے نتائج بھگتتے ہیں۔ حقیقی مقصد یہ ہے کہ جموں و کشمیر میں پائیدار امن، توازن اور استحکام پیدا کیا جائے۔
عارف محمد خان نے کہا’’کشمیر ہندوستان کا تاج ہے‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خطہ قوم کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ جو حقیقی علم کا متلاشی ہے، اسے چند قدم کشمیر کی جانب بڑھنے چاہئیں، یہ علم و دانش اور تہذیب و ثقافت کی گہوارہ سرزمین ہے۔ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے خان نے کہا،میرے دل میں کشمیر کے لیے خاص جذبہ ہے۔ میں کئی بار وادی کا دورہ کر چکا ہوں، اور 1984 میں میں نے تقریباً ایک مہینہ یہاں گزارا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے آنے والے انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل پُرامن اور منصفانہ طریقے سے انجام پا سکے۔
کشمیر ہندوستان کا تاج،ریاستی حیثیت کی بحالی سب کی خواہش : عارف محمد خان