عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز کانفرنس کے صدر اور ایم ایل اے ہندوارہ سجاد لون نے پیر کے روز ایم ایل اے ڈوڈہ مہراج ملک پر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) عائد کرنے کی سخت مذمت کی اور اسے جموں و کشمیر کے جمہوری ڈھانچے پر ایک اور حملہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم ایم ایل اے مہراج ملک کے خلاف پی ایس اے کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سجاد لون نے زور دے کر کہا کہ ایسے اقدامات جمہوری عمل کو محض ایک دکھاوے تک محدود کر دیتے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ انتخابات کے انعقاد کے باوجود عوام کا مینڈیٹ اب بھی بے اختیار ہے۔انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے عوام کی مرضی بدستور تابع ہے۔ جب ایک منتخب نمائندے کو اپنے جذبات کے اظہار کے حق سے محروم رکھا جائے تو پھر انتخابات کا انعقاد کرنے کا مقصد ہی کیا ہے؟‘‘
لون نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں جمہوری اداروں کو درپیش بحران کو مزید گہرا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ پہلے ہی سے خطرے میں پڑی جمہوریت کے لیے ایک نہایت افسوسناک دن ہے۔‘‘