جموں و کشمیر کابینہ نے ایل جی منوج سنہا کی اسمبلی تقریر کی منظوری دے دی

Uzma Web Desk
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کابینہ نے جمعہ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی اسمبلی میں تقریر کی منظوری دے دی۔ وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنے متعلقہ محکموں میں کام کا آغاز کریں۔
وزیر برائے جل شکتی جاوید رانا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کی ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے، جو تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اسمبلی سیشن کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کی تقریر، جو تمام اہم معاملات پر مشتمل ہے، کی منظوری دی گئی۔
وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بے روزگاری کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، اسے ایک “سنگین مسئلہ” قرار دیا جو فوری توجہ کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا، “وزیر اعلیٰ نے تمام وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں میں بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔ ہم انتخابی منشور میں کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ہماری حکومت کو اقتدار سنبھالے صرف ایک ماہ ہوا ہے۔ آئندہ دو ماہ میں ہم نمایاں پیش رفت کو یقینی بنائیں گے”۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی حکمت عملی کے تحت خالی اسامیوں کو پہلے ہی پبلک سروس کمیشن (PSC) اور سروس سلیکشن بورڈ (SSB) کو بھیج دی گئی ہیں۔

Share This Article