کلو میں بس کھائی میں گرنے سے 16 افراد کی موت، 25 زخمی

یو این آئی

کلو//ہماچل پردیش کے کلو میں پیر کی صبح ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرجانے سے اسکولی بچوں سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً 8.30 بجے اس وقت پیش آیا جب سینج کی طرف جارہی بس نیولی شانشیر سینج وادی کےجنگلا علاقے ممیں بے قابو ہوکر سڑک سے گہری کھائی میں گرگئی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کر دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کلو بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ آندھرا پردیش کے دورے پر آئے ہوئے مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’کلو، ہماچل پردیش میں بس حادثہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے‘‘۔
وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کیا ’’وزیر اعظم نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50،000 روپے کی ایکس گریشیا کی منظوری دی ہے‘‘۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر نے ٹویٹ کیا ’’کلو کی سینج وادی میں ایک نجی بس کے حادثے کی افسوسناک خبر ملی ۔ پوری انتظامیہ موقع پر ہے، زخمیوں کو اسپتال لے جایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’’ ایشور اس واقعے میں مرنے والوں کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندانوں کو ہمت دے۔