جموں// حکومت نے راجوری کے گاؤں بڈھال میں پراسرار بیماری سے 14 افراد کی اموات کے بعد صورتحال پر قریب سے نگرانی رکھنی شروع کر دی ہے۔ اس وقت ایک بچہ ایس ایم جی ایس ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت نازک ہے۔
ملک کے معتبر طبی اداروں نے انکشاف کیا کہ متاثرین سے حاصل کئے گئے نمونوں میں ٹاکسنز (زہر) کی موجودگی پائی گئی ہے۔
تحقیقات اور نمونوں کے تجزیے سے یہ واضح ہوا ہے کہ یہ واقعات کسی متعدی بیماری جیسے بیکٹیریا یا وائرس سے نہیں ہوئے اور اس کا عوامی صحت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تمام نمونوں کی تفتیش میں کسی قسم کی وائرس یا بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔ یہ ٹیسٹ ملک کی کچھ معتبر لیبارٹریوں میں کیے گئے ہیں جن میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پونے، نیشنل سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول نئی دہلی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹاکسیکولوجی اینڈ ریسرچ لکھنؤ، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ گوالیار، پی جی آئی ایم ای آر چندی گڑھ کا مائیکرو بایالوجی ڈیپارٹمنٹ اور آئی سی ایم آر وائرل ریسرچ اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری، جی ایم سی جموں شامل ہیں۔
یہ واقعہ 7 دسمبر 2024 کو اس وقت سامنے آیا جب ایک خاندان کے سات افراد نے ایک اجتماعی کھانے کے بعد بیماری کی شکایت کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ 12 دسمبر 2024 کو ایک اور خاندان کے نو افراد بیمار ہوئے جس میں تین افراد کی موت واقع ہوئی۔ تیسرا واقعہ 12 جنوری 2025 کو پیش آیا جب ایک اور خاندان کے دس افراد ایک اجتماعی کھانے کے بعد بیمار ہوئے، جس میں چھ بچوں کو ہسپتال داخل کرانا پڑا۔
حکومت نے اس پراسرار بیماری کے سبب کا پتہ چلانے کے لیے فوری طور پر کئی اقدامات کیے۔ وزیر صحت اور طبی تعلیم، سکینہ ایتو، نے دیگر وزراء کے ساتھ موقع کا دورہ کیا اور صحت اور طبی تعلیم کے محکمے، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ کئی اجلاسوں کی صدارت کی تاکہ بیماری کے سبب کا پتا چل سکے اور متاثرہ افراد کو صحت کی ضروری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
چیف سیکریٹری جموں و کشمیر، اتل ڈولو، نے بھی صحت حکام، انتظامیہ، ملک بھر کے ماہرین اور پولیس کے ساتھ متعدد اجلاسوں کی صدارت کی تاکہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں اور متاثرہ افراد کو بہترین صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
محکمہ صحت و طبی تعلیم نے متاثرہ مریضوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیا۔ ملک کی کچھ معتبر اداروں سے ماہرین کو اس صورتحال کا جائزہ لینے اور اموات کے اسباب سمجھنے کے لیے تعینات کیا گیا۔
صحت کے تحقیقی ادارے کے سکریٹری، وزارت صحت و خاندان بہبود، اور ڈائریکٹر جنرل آئی سی ایم آر حکومتِ ہند ڈاکٹر راجیش بہل نے وبا کے امکان کو مسترد کرنے کے لیے ایک ویڈیو کانفرنس کی۔
حکومت نے 7 دسمبر کو پہلا واقعہ سامنے آنے کے فوراً بعد متعدد اقدامات کیے، جن میں طبی ٹیم کو فوڈ سیفٹی محکمہ کے ساتھ کھانے اور پانی کے نمونے جمع کرنے کے لیے بھیجا، طبی کیمپ لگائے، موبائل میڈیکل یونٹ قائم کیے، گھر گھر جا کر سکریننگ کی، اور ریپڈ ایکشن ٹیمیں تعینات کیں۔
ریاستی ماہرین کی ٹیم، جن میں ایپیڈیمیالوجسٹس، مائیکرو بایالوجسٹس اور دیگر ماہرین شامل تھے، نے علاقے کا دورہ کیا اور تفصیلی اسکریننگ اور نمونوں کا تجزیہ کیا۔ نیشنل سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی) پونے، اور پی جی آئی چندی گڑھ کے ماہرین بھی علاقے میں موجود تھے تاکہ اس صورتحال کو قابو کیا جا سکے۔
کلینیکل رپورٹس، لیبارٹری تحقیقات، اور ماحولیاتی نمونے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ واقعات کسی متعدی بیماری کے نتیجے میں نہیں ہوئے۔
سی ایس آئی آر-آئی آئی ٹی آر کی طرف سے کی گئی ٹاکسیکولوجیکل تجزیے میں متعدد حیاتیاتی نمونوں میں زہر کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ادھر راجوری پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے اور پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
حکومت عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے پُر عزم ہے اور اس معاملے میں تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
راجوری میں اموات کسی متعدی بیماری یا وائرس سے نہیں ہوئیں، نمونوں میں زہر کی موجودگی کا انکشاف
