عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وسطی ضلع بڈگام میں ہفتہ کی دیر شام پیش آئے دلخراش سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ کئی زخمی تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ایل جی سنہا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ اس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان سے ’انتہائی مغموم‘ ہیں۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنرنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا:’بڈگام میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہوا۔ میری ہمدردی سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘واضح رہے کہ ہفتے کی شام وترونی بڈگام میں ڈمپر اور ٹاٹا سومو کے درمیان خوفناک ٹکر کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے چار نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ حادثے نے علاقے میں کہرام مچا دیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بڈگام سڑک حادثہ: قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایل جی منوج سنہا کا اظہارِ افسوس