عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کشمیر فرنٹئر اشوک یادو کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس پار ملی ٹینٹ لانچنگ پیڈز پر موجود ہیں اور وہ کشمیر میں در اندازی کرنے کے انتظار میں ہیں۔انہوں کہا کہ تاہم سیکورٹی فورسز چوکس ہیں اور وہ ایسی کسی بھی سرگرمی کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔موصوف آئی جی نے بتایاکپوارہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع کے بالمقابل ہمارے دائرہ اختیار (اے او آر) میں موجود لانچنگ پیڈز پر ملی ٹینٹوں کی موجودگی دیکھی ہے۔انہوں نے کہاوہ در اندازی کا موقع تلاش کر رہے ہیں، وہ اکثر خراب موسمی صورتحال میں سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی کوششیں مسلسل جاری رہتی ہیں۔ان کا کہنا تھاہم بھی مکمل طور پر تیار ہیں اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
یادو نے ان باتوں کا اظہار سری نگر میں سیو ولر رن ود بارڈر مین میراتھن کی ٹی سرٹ کی تقریب رونمائی کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کمشیر میں فوج کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ایل او سی پر بھی موثر طریقے سے نگرانی کر رہی ہے جس سے دہشت گردوں کو در اندازی کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھااس سال دراندازی کی دو کوششیں فورسز کی طرف سے ناکام بنا دی گئیں۔ نگرانی کے نئے آلات اور طریقہ کار کے ساتھ، جو ہم اپنا رہے ہیں، سے کسی کے لئے بھی در اندازی کی کوشش کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے دو مہینے ایل او سی پر حساس ہیں جب تک کہ برفباری سے پہاڑی راستے بند نہ ہوجائیں۔آئی جی نے کہا کہ نومبر تک، دراندازی کے امکانات کچھ زیادہ ہیں، کیونکہ اس کے بعد یہ راستے تقریباً چھ ماہ تک بند ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل لوگوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں وہاں در اندازی بہت مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیو ولر رن ود بارڈر مین میراتھن 12 اکتوبر کو ماحولیاتی تحفظ کے اقدام کے طور پر منعقد کی جا رہی ہے اس کا مقصد ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا، مقامی آبادی کے ساتھ روابط کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت اہداف کی جانب راغب کرنا ہے۔
ٹی شرٹ رونمائی کی یہ تقریب بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر ہمہامہ میں منعقد ی گئی جس میں کئی افسران موجود تھے۔اس میراتھن میں 5 کلو میٹر، 10 کلو میٹر اور 21.1 کلو میٹر کیٹگریز شامل ہیں جن میں مرد اور خواتین دونوں کے مقابلے ہوں گے اور اس میں ملک بھت بالخصوص کشمیر سے تقریباً 3 ہزار شرکا کی شرکت متوقع ہے۔یادو نے کہا کہ اس کا مقصد صرف جھیل ولر کی صفائی کی اہمیت کا اجاگر کرنا نہیں ہے بلکہ کشمیری نوجوانوں اور سکورٹی فورسز کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت سیکورٹی اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ میں ایک ساتھ لانا ہے۔
سرحد پار لانچنگ پیڈز پر ملی ٹینٹ موجود، سیکورٹی فورسز چوکس: آئی جی بی ایس ایف کشمیر فرنٹئر
