عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/بڈگام پولیس نے غیر قانونی معدنیات نکالنے اور ان کی نقل و حمل کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دو ایف آئی آر درج کی ہیں اور 24 گاڑیاں ضبط کی ہیں۔
افسران کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں میں 9 ٹپر،10 ٹریکٹر، 3 جے سی بی اور 2ایل این ٹی مشینیں شامل ہیں، جو بیروہ، سوئی بُگ، ماگام، ہارد پنزو، کھاگ اور ہمہامہ میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران پکڑی گئیں۔ معدنیات محکمہ کے تعاون سے پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں پر ہزاروں روپے جرمانے بھی عائد کیے ۔
پولیس نے بتایا کہ یہ مسلسل کارروائیاں غیر منظم کان کنی کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں، کیونکہ اس سے قدرتی وسائل ختم ہو رہے ہیں اور ضلع کے ماحولیاتی توازن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایک پولیس افسر نے کہا’’غیر قانونی معدنیات نکالنے سے نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ مقامی معیشت بھی متاثر ہوتی ہے۔ ہم قانون پر سختی سے عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
بڈگام پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اقدام میں تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں ہونے والی ایسی سرگرمیوں کی اطلاع دیں۔ افسران نے زور دیا کہ کمیونٹی کی شمولیت قدرتی وسائل کے تحفظ اور قانونی و پائیدار کان کنی کے لیے ناگزیر ہے۔ضلعی پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ ہفتوں میں اس طرح کی کارروائیوں میں مزید شدت لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بڈگام پولیس کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی، 24 گاڑیاں ضبط
