عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے حیدر پورہ علاقے میں واقع کالعدم تنظیم تحریک حریت کے مرکزی دفتر کو غیر قانونی سر گرمیوں کے روک تھام ایکٹ ( یو اے پی اے) کے تحت منسلک کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ علاحدگی پسند اور دہشت گرد نیٹ روکس کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں بڈگام پولیس نے رحمت آباد حیدر پورہ میں واقع کالعدم تنظیم تحریک حریت کے مرکزی دفتر کو غیر قانونی سر گرمیوں کے روک تھام ایکٹ ( یو اے پی اے) 1967 کی دفعہ 25 کے تحت منسلک کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ منسلک کی گئی جائیداد ایک تین منزلہ عمارت پر مشتمل ہے جو 1 کنال 1 مرلہ اراضی زیر (خسرہ نمبر946، کھاتہ نمبر 306) پرقائم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس جائیداد کو کالعدم تنظیم کے دفتر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج زیر ایف آئی آر نمبر 8/ 2024 کے تحت انجام دی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اکٹھے کئے گئے شواہد اور متعلقہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد یہ جائیداد قانونی طریقہ کار کے مطابق منسلک کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ قدم غیر قانونی اور تخریبی سرگرمیوں کے خلاف جاری تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت ہے اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات کو ختم کرنے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے لئے بڈگام پولیس کے مضبوط عزم کا عکاس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بڈگام پولیس دیگر ایجنسیوں کے تعاون سے ان افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت اقدام جاری رکھے گی جو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیںـ
بڈگام پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک حریت کے مرکزی دفتر کو یو اے پی اے کے تحت منسلک کر دیا
