عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت دو ملی ٹنٹ معاونین (او جی ڈبلیوز) کو حراست میں لے لیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدام اور قوم دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے بڈگام پولیس نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ملی ٹینٹ صفوں سے وابستہ دو ’ہارڈکور‘ اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت طاہر احمد کمار ولد عبدالحمید کمار ساکن پکھر پورہ اور شبیر احمد گنائی ولد بشیر احمد گنائی ساکن کار پورہ پکھر پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں مسلسل کوششوں اور قابل عمل انٹلی جنس کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں جو خطے میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کو فعال مدد فراہم کرنے میں دونوں کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ کا استعمال کرتے ہوئے، حکام نے امن عامہ کو لاحق مزید خطرات کو روکنے کے لیے مذکورہ او جی ڈبلیوز کی حراست کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا ’’ حراست میں لیے گئے افراد دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لئے سہولت کاری میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، جن میں نقل و حرکت، پناہ گاہ، لاجسٹک سپورٹ، اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ان کی مسلسل مصروفیت، مقامی نوجوانوں کو کالعدم (دہشت گرد) تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب دینا شامل ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ان پر پی ایس اے کا نفاذ ضروری سمجھا گیا تھا اور ان کی گرفتاری ضلع میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘‘پولیس ترجمان نے بتایا کہ بڈگام پولیس ان تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لانے کے لئے پرعزم ہے جو خطے کے تحفظ اور سیکورٹی کے لئے خطرہ ہیں۔