عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس (این سی)، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں نے پیر کے روز بڈگام اسمبلی حلقہ کے اہم ضمنی انتخاب کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے۔ پیر کے روز کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی، جس کے پیش نظر ضلع الیکشن دفتر بڈگام میں دن بھر سیاسی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا سید محمود نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی موجودگی میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر عمر عبداللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام نیشنل کانفرنس کا ایک تاریخی قلعہ رہا ہے اور آغا سید محمود ایک مقبول اور بااعتماد رہنما ہیں جو عوامی خدمت کا طویل ریکارڈ رکھتے ہیں۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار آغا سید منتظر مہدی نے بھی آج اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ وہ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما اور رکنِ اسمبلی وحید الرحمان پرہ کے ہمراہ الیکشن دفتر پہنچے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، پی ڈی پی بڈگام میں عوامی مسائل اور ترقیاتی وعدوں کے ایجنڈے پر انتخاب لڑنے جا رہی ہے۔اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار آغا سید محسن نے بھی اپنی نامزدگی داخل کی۔ وہ اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کے ہمراہ الیکشن آفس پہنچے۔ شرما نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بڈگام کے عوام تک مرکزی حکومت کی ترقیاتی اسکیموں اور شفاف حکمرانی کے پیغام کو لے کر جائے گی۔
واضح رہے کہ بڈگام اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب 11 نومبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔یہ نشست وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے گاندر بل نشست برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ عمر عبداللہ نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں بیک وقت گاندر بل اور بڈگام دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے خاندانی گڑھ گاندر بل کو برقرار رکھا۔انتخابی ماہرین کے مطابق، بڈگام کا ضمنی انتخاب تینوں بڑی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔ یہاں کے عوامی مسائل، مذہبی و سیاسی وابستگیاں اور سابقہ انتخابی ریکارڈ اس بار بھی نتائج پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ضلع انتظامیہ بڈگام نے انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کا یقین دلایا ہے۔
بڈگام ضمنی انتخاب: این سی، پی ڈی پی اور بی جے پی امیدواروں نے داخل کئے کاغذاتِ نامزدگی
