عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جمعرات کو بین الاقوامی سرحد (IB) پر جموں ضلع کے آر ایس پورہ سیکٹر میں مشتبہ دراندازی کے بعد سرچ آپریشن جاری رکھا۔بی ایس ایف کے حکام کے مطابق، یہ آپریشن بدھ کی رات دیر گئے شروع ہوا تھا جو جمعرات کی صبح تک جاری رہا۔اہلکاروں نے سرحد کے قریب کے گاؤں، زرعی کھیتوں اور گھنے جنگلاتی علاقوں میں منظم تلاشیاں لیں۔
ایک بی ایس ایف افسر نے بتایا، ’’آر ایس پورہ اور ارنیا سیکٹروں میں دراندازی کا الرٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد رات کے گشت اور نگرانی کے اقدامات کو تیز کر دیا گیا۔ اضافی نفری، ڈاگ اسکواڈز اور تھرمل امیجنگ آلات تعینات کیے گئے تاکہ کسی بھی مشتبہ حرکت کا پتہ لگایا جا سکے۔‘‘
سیکورٹی فورسز کی مدد کے لیے ڈرون نگرانی بھی شروع کی گئی تاکہ مشکل علاقوں کی مؤثر طریقے سے نگرانی کی جا سکے۔ یہ اقدامات ملک میں آنے والے اہم قومی تہواروں سے قبل دہشت گردوں کی ممکنہ دراندازی کے خدشات کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
سرحدی علاقوں کے قریبی دیہات کے مکینوں کو ہوشیار رہنے اور کسی بھی مشکوک حرکت کی فوری اطلاع قریبی سیکورٹی پوسٹ کو دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔بی ایس ایف کے مطابق، تلاش کے دوران نہ کوئی آمنا سامنا ہوا اور نہ ہی فائرنگ کا تبادلہ، تاہم الرٹ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ایک افسر نے کہا، ’’تمام بارڈر آؤٹ پوسٹس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، اور دیگر خفیہ اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ مضبوط کیا گیا ہے تاکہ دفاعی نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔‘‘